کودنڈا رام کی آج ایک روزہ بھوک ہڑتال

ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ حصول کے مقاصدپورے کرنے میں ناکام ہونے کا الزام
حیدرآباد /11 ستمبر ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر ایم کودنڈا رام نے کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیر قیادت حکومت تلنگانہ جدوجہد کے مقاصد کو پورا کرنے میں ناکام رہنے پر بطور احتجاج کل یعنی 12 ستمبر بروز چہارشنبہ ایک روزہ بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قائد تلنگانہ جنا سمیتی و سابق رکن قانون ساز کونسل مسٹر دلیپ کمار نے یہ بات بتائی اور نگرانکار چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر اپنے سرکاری اختیارات کا بیجا استعمال کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ اب ریاست میں مجوزہ قبل از وقت انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے قادئین کے ساتھ انتقامی رویہ اختیار کر رہے ہیں ۔ مسٹر دلیپ کمار نے اس سلسلہ میں بتایا کہ کانگریس کے سینئیر قائد و سابق رکن اسمبلی مسٹر جگا ریڈی کو پہلا نشانہ بناتے ہوئے انہیں گرفتار کرواکرجیل بھجوایا ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر جگا ریڈی جوکہ سنگاریڈی میں ریاستی سطح کے کانگریس پارٹی کے اقلیتی قائدین و کارکنوں کے کنونشن کے انعقاد کی تیاریوں میں مصروف تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سابقہ رکن اسمبلی مسٹر عامر شکیل کے خلاف بھی کئی مقدمات زیر التواء ہیں ۔ ان کے خلاف بھی کئی الزامات عائد کئے جاچکے ہیں ۔ سابق رکن کونسل مسٹر دلیپ کمار نے دریافت کیا کہ آیا مسٹر عامر شکیل کو اب تک کیوں گرفتار نہیں کیا گیا ۔ لہذا انہیں بھی ( عامر شکیل ) فی الوقت گرفتار کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ سہارا اسکام کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر دلیپ کمار نے کہا کہ سہارا اسکام میں ملوث حقیقی افراد سے وہ واقف ہیں اور اس سہارا اسکام کے حقائق کا بہت جلد انکشاف کرنے کے علاوہ تلنگانہ بھون کس طرح تعمیر کروایا گیا اس کی مکمل تفصیلات کا بھی بہت جلد افشاء کرنے کا اظہار کیا ۔