کوتہ گوڑم میں ماونوازوں نے دو افراد کو گولی ماردی۔ ایک ہلاک

حیدرآباد 27جنوری (یواین آئی ) تلنگانہ کے بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع میں ماونوازوں نے ہلچل مچادی۔ کل رات دیر گئے بھدرادری کوتہ گوڑم پناپاکا منڈل میں 50 ماونواز پہنچے جنہوں نے ویراپورم میں جوگیا نامی شخص کو گولی مار کرہلاک کردیا جبکہ سندریا نگر میں ان ماونوازوں نے رمیش نامی شخص پر فائرنگ کردی ۔رمیش کے سینہ پر گولی لگی ۔ رمیش کو شدید زخمی حالت میں بھدراچلم کے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہے ۔ ان ماونوازوں نے بھوپتی راو پیٹ میں چار لاریوں اور دو جے سی بی گاڑیوں کو آگ لگادی ۔ ان ماونوازوں نے اس علاقہ میں مبینہ طور پر ریت کی غیر قانونی اسمگلنگ کی مخالفت کی ہے ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ پولیس کے مخبر ہونے کے شبہ میں ان ماونوازوں نے دو افراد کو نشانہ بنایا ۔ مہلوک جوگیا کے علاوہ زخمی رمیش سابق ماونواز ہیں۔اس علاقہ میں ماو نوازوں کی ہلچل سے قبائلی اکثریت والے اس علاقہ میں سنسنی اور تشویش کی لہردوڑ گئی۔