کوئٹہ ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ میں ہزارہ قبیلے کے دو افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد رکشے میں سریاب روڈ پر جا رہے تھے جب ان پر فائرنگ کی گئی۔ کوئٹہ میں ہمارے نامہ نگار محمد کاظم نے بتایا کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا ایک شخص مچھ کے علاقے میں کوئلہ کان میں کام کرتا تھا۔ حکام کے مطابق یہ دونوں افراد ہزار گنجی اڈے کی جانب جا رہے تھے جہاں سے عام گاڑی میں کوئلہ کان جانا تھا۔ لیکن موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے سریاب روڈ پر ڈگری کالج کے قریب ان پر فائرنگ کر دی۔واضح رہے کہ چوبیس گھنٹوں میں سریاب کے علاقے میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل رات کو فائرنگ کے ایک واقعے میں لیویز فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہوا۔