کوئمبتور میں تشدد کے بعد حالات پرامن

کوئمبتور 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شہر کوئمبتور میں آج صورتحال معمول پر آگئی ہے جہاں پر کل ایک ہندو منانی لیڈر کے قتل کے بعد تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ دکانات اور دیگر تجارتی ادارے آج کھول دیئے گئے حتیٰ کہ آر ٹی سی بسیں، آٹو رکشا اور ٹیکسیاں چلائی گئیں۔ ہندو منانی کے ضلع ترجمان 36 سالہ ششی کمار اپنی موٹر سیکل پر آرہے تھے کہ نامعلوم افراد نے 22 ستمبر کی شب ان کا تعاقب کرکے تیز دھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا تھا۔ تاہم ارتھی جلوس کے دوران کل اُس وقت حالات کشیدہ ہوگئے جب مقتول کے حامیوں نے دوکانات کو نشانہ بناتے ہوئے سنگباری کردی اور ریاست گیر بند منانے کا بھی اعلان کیا تھا۔ اس تشدد میں 23 پولیس ملازمین زخمی، 20 سرکاری بسوں کو نقصان، ایک پولیس جیپ اور آٹو رکشا کو نذر آتش اور بعض دوکانات پر حملے کئے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ پرتشدد واقعات کے سلسلہ میں 108 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔