کوئلہ کے ناقص معیار پر کمپنیوں کو عدالت کی نوٹس

ناگپور ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بامبے ہائیکورٹ نے کوئلہ کمپنیوں کو ہدایت دی ہیکہ وہ مہاراشٹرا پاور جنریشن کمپنی لمیٹیڈ (Maha Genco) کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا مناسب جواب دے جہاں یہ کہا گیا ہیکہ کوئلہ کی کم مقدار سربراہ کی جارہی ہے اور جو کچھ بھی سربراہ کیا جارہا ہے وہ کوئلہ ناقص معیار کا ہے جس کی وجہ سے توانائی کی پیداوار شدید طور پر متاثر ہوئی ہے۔ جسٹس بھوشن گوائی اور جسٹس سی وی بھدانگ نے حال ہی میں انیل وڈاپلیوار کی جانب سے داخل کردہ مفاد عامہ کی ایک درخواست کی سماعت کی تھی جس میں کوئلہ اور پاور کمپنیوں میں جاری رسہ کشی کا تذکرہ کیا گیا تھا اور جس کی وجہ سے عوامی خزانے کو نقصان کا بلکہ عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بامبے ہائیکورٹ نے کوئلہ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے وہ 25 اپریل تک اپنا جواب داخل کریں جس کی سماعت کے لئے عدالت نے 30 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔