بیجنگ ۔29 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مشرقی چین کے فوجیان صوبہ میں واقع کوئلے کی ایک کان میں ہوئے حادثہ میں پانچ ورکرس ہلاک ہوگئے جبکہ ایک ورکر کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ وہ ہنوز کان کے اندر پھنسا ہوا ہے ۔ جمعہ کے روز یہ حادثہ یانگ ڈنگ کی ایک کوئلہ کی کان میں رونما ہوا ۔ ڈسٹرکٹ کے محکمۂ تشہیر نے یہ اطلاع دی جبکہ مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ حادثہ کے وقت کان کے اندر نو ورکرس کام کررہے تھے جن میں سے پانچ کی موت کی توثیق کی گئی جبکہ ایک زخمی بتایا گیا ہے ۔ دو ورکرس کو بچاؤ کاری عملہ نے بچالیا۔ فی الحال اندر پھنسے ہوئے ورکر کو باہر نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دوسری طرف پولیس نے کوئلہ کی کان مالک کو گرفتار کرلیا اور حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلانے تحقیقات کی جارہی ہیں۔