کوئلہ سکریٹری کی سی بی آئی ہیڈکوارٹرس میں حاضری

نئی دہلی ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق کوئلہ سکریٹری پی سی پاریکھ آج سی بی آئی عہدیداران کے اجلاس میں پوچھ گچھ کے لئے حاضر ہوئے۔ ان پر الزام ہیکہ انہوں نے اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے اڈیشہ کی ہنڈالکو کو کوئلہ تخصیص کی اجازت دی تھی۔ سی بی آئی ہیڈکوارٹرس میں داخلہ سے قبل اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں جو کچھ بھی کہنا تھا وہ کہہ چکے ہیں اور اب یہ دیکھنا ہیکہ سی بی آئی عہدیدار مجھ سے کیا سوال کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ سی بی آئی نے سابق آئی اے ایس آفیسر کو تازہ سمن جاری کیا تھا جہاں انہیں ہیڈکوارٹرس میں حاضری کی ہدایت کی گئی تھی۔

قبل ازیں پاریکھ نے 25 اپریل کو سی بی آئی کے روبرو حاضر ہونے سے معذوری کا اظہار کیا تھا۔ 69 سالہ پاریکھ جو ڈسمبر 2005ء میں کوئلہ سکریٹری کی حیثیت سے سبکدوش ہوئے تھے، ان پر الزام ہیکہ انہوں نے اپنے سرکاری اختیارات کا بیجا استعمال کیا اور آدتیہ برلا گروپ سے تعلق رکھنے والی ہنڈالکو کمپنی کو کوئلہ تخصیص کی اجازت دی تھی۔ سی بی آئی نے گذشتہ سال پاریکھ، برلا ہنڈالکو کے غیرشناخت شدہ آفیسرس اور وزارت کوئلہ کے خلاف معاملہ درج کیا تھا جبکہ برلا اور ہنڈالکو نے کسی بھی نوعیت کی بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔