نئی دہلی 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)سپریم کورٹ کی جانب سے کوئلہ بلاک تخصیص کو غیر قانونی قرار دیا جانا دراصل ’’جاگ جاؤ‘‘ کا پیغام ہے تا کہ حکومت کو انتباہ دیا جاسکے کہ وہ اپنی تمام معاملتوں میں شفافیت پیدا کرتے ہوئے خود کو جوابدہ بنائے۔ وزیر توانائی و کوئلہ پیوش گوئل نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ہم سب کو ’’جاگ جاؤ‘‘ کا پیغام دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر پیمانے پر ہر شعبہ میں ہمیں مزید شفافیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو اپنی ذمہ داریوں کے تئیں مزید چوکنا رہنا چاہئے ۔ انہیں ایسی کسی بھی سرگرمی میں ملوث نہیں ہونا چاہئے جو اُن کی نیک نامی کو داغدار کرے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ فاضل عدالت نے گذشتہ ماہ رولنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ 1993 تا 2010 ء یعنی این ڈی اے حکومت اور بعدازاں یو پی اے حکومت کے دور میں جو بھی کوئلہ بلاکس تخصیص کئے گئے تھے ان کا موقف غیر قانونی ہے۔ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلہ کی منتظر ہے جس سے مذکورہ بالا مدت کے دوران کئے گئے کوئلہ بلاکس تخصیص کے موقف کا فیصلہ ہوجائے گا۔دریں اثناء گوئل نے ریاستی وزارت توانائی کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور انہیں پالیسی میں پیدا ہوئی تبدیلیوں کے موقف سے واقف کروایا ۔