نئی دہلی 22مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کوئلہ بلاک الاٹمنٹ مقدمہ میں کانگریس لیڈر و صنعتکار نوین جندال سابق چیف منسٹر جھارکھنڈ مدھو کوڈا اور سابق مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ کوئلہ داسری نارائن راو کے علاوہ 7 دوسروں کو آج ایک خصوصی عدالت نے ضمانت فراہم کردی اور اُن سے کہا کہ وہ شواہد کو مسخ نہ کریں اور گواہوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کی جائے۔ عدالت نے ملزمین کو اُس وقت ضمانت فراہم کی جبکہ وہ عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت کی درخواست پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ کیونکہ وہ تحقیقات میں تعاون کررہے ہیں اور اُن کے فرار کا کوئی امکان نہیں ہے اس لئے انہیں ضمانت فراہم کی جائے ۔ نوین جندال ‘داسری نارائن راو اور مدھو کوڈا کے علاوہ عدالت نے سابق کوئلہ سکریٹری ہریش چندر گپتا اور 6 دوسرے ملزمین کو ضمانت منظور کی اور انہیں 1 لاکھ روپئے کا شخصی بانڈ اور اتنی ہی رقم کی ایک ضمانت فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔
خصوصی سی بی آئی جج بھارت پراشر نے ملزمین کو ہدایت دی کہ وہ عدالت کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہ جائیں ۔ عدالت نے دستاویزات کی جانچ کیلئے آئندہ سماعت یکم جون کو مقرر کی ہے۔ ملزمین کو ضمانت منظور کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ یقینی طور پر ملزمین کے خلاف جو الزامات ہیں وہ سنگین نوعیت کے ہیں اور زیادہ اہم بات یہ ہے کہ وہ سماج میں اعلی موقف رکھتے ہیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ یہ بھی واضح ہے کہ تحقیقات کے دوران سی بی آئی نے کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیںکیا ہے اور نہ ہی یہ الزام ہے کہ ملزمین میںکسی نے تحقیقات کیلئے طلبی پر حاضری سے گریز کیا۔ ایسے میں عدالت مزید تفصیلات میں گئے بغیر تمام 10 ملزمین کو ضمانت پر رہا کرنے سے اتفاق کرتی ہے اور عدالت کا یہ تاثر ہے کہ اس سے انصاف رسانی کا عمل متاثر نہیں ہوگا ۔ سماعت کے دوران تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی نے نوین جندال اور دوسروں کی ضمانت کی شدید مخالفت کی اور کہا کہ ملزمین بڑے صنعتکار ‘ سیاستدان اور عوامی عہدے رکھتے ہیں۔
سینئر پبلک پراسکیوٹر وی کے شرما نے کہا کہ استغاثہ کے بیشتر گواہ ملزمین کی مختلف صنعتوں اور کمپنیوں کے ملازم ہیں۔ ایسے میں یہ اندیشے ہیں کہ ملزمین شواہد کو مسخ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ الزامات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بھی ملزمین کو ضمانت فراہم نہیں کی جانی چاہئے ۔ ملزمین کو عدالت نے جھارکھنڈ میں امر کونڈا کوئلہ بلاک کے الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں سے متعلق مقدمہ میں طلب کیا تھا ۔ یہاں کوئلہ بلاکس جندال گروپ کی دو کمپنیوں کو الاٹ کئے گئے تھے ۔ نوین جندال ‘داسری نارائن راو ‘مدھو کوڈا اور گپتا کے علاوہ جن افراد کو آج ضمانت فراہم کی گئی اُن میں راجیو جین ‘ گریش کمار سنیجا اور رادھا کرشنا سراف ‘ کے راما کرشنا پرساد اور چارٹیڈ اکاونٹنٹ گیان سواروپ گارگ شامل ہیں۔ ملزمین نے اپنی درخواست ضمانت میں کہا تھا کہ تحقیقات کے آغاز کے بعد سے انہوں نے سی بی آئی کے ساتھ مسلسل تعاون کیا ہے اور عدالت سے سمن ملنے پر وہاں حاضر ہوئے ہیں اس لئے انہیں ضمانت منظور کی جانی چاہئے ۔