کوئلہ بلاکس کیس میں سی بی آئی کی تحقیقات مکمل

نئی دہلی ۔ 19 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سی بی آئی نے آج کوئلہ بلاک الاٹمنٹ کیس میں قطعی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی ہے جس میں سابق کوئلہ سکریٹری پی سی پاریکھ ، ہنڈالکو اور دیگر ماخوذ ہیں ۔ خصوصی عدالت اس رپورٹ پر 11 مارچ کو غور و خوص کرے گی ۔ سینئیر پبلک پراسیکوٹر مسٹر وی کے شرما نے عدالت کو بتایا کہ سی بی آئی نے تحقیقات مکمل کرلی ہے اور تحقیقات کے دوران ایک اور گواہ سے پوچھ تاچھ کی گئی جس کے بعد قطعی رپورٹ سربمہر لفافہ میں داخل کردی گئی ہے ۔ انہوں نے سی بی آئی کے خصوصی جج بھرت پرشاد کو بتایا کہ کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ کیس کی ایجنسی نے تحقیقاتی ذمہ داری مکمل کرلی ہے ۔ جس پر عدالت نے کہا کہ اس رپورٹ پر 11 مارچ کو غور و خوص کیا جائے گا اور ضرورت محسوس ہونے پر ایجنسی سے وضاحت طلب کی جائے گی ۔ قبل ازیں سماعت کے دوران استغاثہ نے عدالت کو بتایا تھا کہ کیس سے متعلق تمام مواد اور دستاویزات بھی داخل کردئیے گئے ہیں ۔ یہ کیس سال 2005 میں اڑیسہ میں ہینڈالکو کو تالا ہیرالڈ کول بلاک مختص کرنے سے متعلق سے سی بی آئی نے اپنے ایف آئی آر میں سابق کوئلہ سکریٹری بی سی پاریکھ ، صنعتکار کمار منگلم برلا ، ایم ایس ہینڈالکو انڈسٹریز لمٹیڈ اور دیگر نامعلوم افراد کے نام شامل کئے ہیں ۔ بعد ازاں ایجنسی نے کیس کی تحقیقات بند کرتے ہوئے ایک رپورٹ پیش کی جسے عدالت نے نامنظور کردیا تھا ۔ اور عدالت نے 16 دسمبر کو ہدایت دی تھی کہ اس کیس میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور پی ایم او عہدیداروں بشمول پرنسپال سکریٹری ٹی کے اے نائیر اور اس وقت کے پرائیوٹ سکریٹری بی وی آر سبرامنیم سے پوچھ تاچھ کریں ۔۔