نئی دہلی 8 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی امکان ہے کہ کوئلہ بلاک الاٹمنٹ اسکام میں اپنی تحقیقات پر مشتمل مزید پانچ مقدمات درج کریگی ۔ سنٹرل ویجیلنس کمیشن نے ایجنسی کو ایسا کرنے کی ہدایت دی ہے اور اس نے سی بی آئی کو اپنی تحقیقات ختم کرنے سے بھی روک دیا تھا ۔ سی بی آئی ذرائع نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکام پر تحقیقاتی ایجنسی نے 25 کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ میں اپنی تحقیقات ختم کرنے کی سفارش پر مبنی فائیلس سنٹرل ویجیلنس کمیشن کو روانہ کردی ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ ویجیلنس کمیشن نے سی بی آئی کے اخذ کردہ نتیجہ کو مسترد کردیا ہے اور اسے ہدایت دی ہے کہ کم از کم پانچ مقدمات میں اپنی تحقیقات کو جاری رکھے ۔ ذرائع کے بموجب سنٹرل ویجیلنس کمیشن کی تحقیقات کو سپریم کورٹ میں پیش کردیا گیا ہے ۔
سنٹرل ویجیلنس کمیشن نے ابتدائی 17 معاملات پر اپنی تحقیقات کو سپریم کورٹ میں 30 اپریل کو پیش کردیا ہے اور مابقی آٹھ کے تعلق سے رپورٹ 9 مئی کو پیش کی گئی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ 25 الاٹمنٹس میں سی بی آئی نے تحقیقات ختم کرنے کی سفارش کی تھی کیونکہ اس کے سینئر عہدیدار تحقیقات کے دوران دستیاب ہوئے ثبوت و شواہد سے مطمئن نہیں تھے ۔ سی بی آئی نے اب تک کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ میں کرپشن کے الزام عائد کرتے ہوئے جملہ 19 ایف آئی آر درج کئے ہیں۔ عدالت نے الاٹمنٹ کے مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے سنٹرل ویجیلنس کمیشن کو ماہ مارچ کے اواخر میں ہدایت دی تھی کہ وہ اپنی تجاویز پیش کرے کہ آیا یہ مقدمات بند کئے جانے چاہئیں یا تحقیقات جاری رکھی جانی چاہئیں ۔سی بی آئی اب مزید پانچ مقدمات درج کرے گی ۔