نئی دہلی 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کوئلہ اسکام کیس میں ماخوذ مرکزی وزارت کوئلہ کے سابق سکریٹری مسٹر ایچ سی گپتا نے مدھیہ پردیش میں کمل اسپانج اسٹیل انڈیا پاور لمیٹیڈ کیس میں آج یوٹرن لیتے ہوئے اس درخواست سے دستبرداری اختیار کرلی جس میں انھوں نے ضمانت کے لئے شخصی مچلکہ پیش کرنے کے بجائے جیل سے مقدمہ کا سامنا کرنے کا اصرار کیا تھا۔ گپتا نے خصوصی سی بی آئی جج بھارت پرشاد سے کہاکہ کیس میں نمائندگی کے لئے وہ ایک وکیل کی خدمات حاصل کریں گے۔ قبل ازیں انھوں نے اپنا مقدمہ خود لڑنے کا اعلان کیا تھا اور یہ عذر پیش کیا کہ وہ معاشی مسائل سے دوچار ہیں اور وکیل کی فیس ادا کرنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ عدالت نے گپتا کو مذکورہ درخواست سے دستبرداری کی اجازت دے دی۔