کوئلہ اسکام : سی بی آئی کی این ڈی اے تک رسائی

ایف آئی آر میں بی جے پی لیڈر کا نام ،ایک علحدہ مقدمہ بھی درج
نئی دہلی ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے آج این ڈی اے اور یونائیٹیڈ فرنٹ حکومت کے دوران کی گئی کوئلہ بلاکس کی تخصیص میں مبینہ بے قاعدگیوں کو اپنی تنقیح کے دائرہ میں لاتے ہوئے بی جے پی لیڈر انوپ اگروالا اور ان کی فرم کو اپنی جانب سے داخل کردہ دو ایف آئی آر میں سے ایک میں نامزد کیا ہے۔ سی بی آئی نے آج دو ایف آئی آر درج رجسٹر کرائے۔ اس طرح کئی کروڑ کے اس اسکام میں اپوزیشن پارٹی لیڈر کا پہلی مرتبہ نام شامل کیا گیا ہے۔ سی بی آئی 1993ء تا 2005ء کوئلہ بلاک تخصیص میں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات کررہی ہے۔

تحقیقاتی ایجنسی کے درج کرائے گئے ایف آئی آر میں ایک بی ایل اے انڈسٹریز لمیٹیڈ، اس کے منیجنگ ڈائرکٹر انوپ اگروالا اور نامعلوم عوامی خدمت گزار اور خانگی افراد شامل ہیں۔اس فرم کو کوئلہ بلاکس سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی میعاد کے دوران 21 جون 1996ء کو تحصیص کئے گئے تھے۔ دوسرا ایف آئی آر کیسٹرون مائننگ لمیٹیڈ (سابقہ کیسٹرون ٹیکنالوجیز لمیٹیڈ)، ان کے ڈائرکٹرس، نامعلوم عوامی خدمت گزار اور خانگی افراد کے خلاف درج کرائی گئی۔ انوپ اگروالا بی جے پی لیڈر اور سابق راجیہ سبھا رکن پی کے اگروالا کے بیٹے ہیں۔ اس کے علاوہ جھارکھنڈ ریاستی ورکنگ کمیٹی بی جے پی کے اور پارٹی قومی عاملہ کے بھی خصوصی مدعو ہیں۔ اگروالا سے ربط قائم کرنے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔ ان سے فون کے علاوہ ای میل پر رابطے کی کوشش کی گئی۔ فون پر ایک شخص نے خود کو ایس کے شکلا بتاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈر تبصرہ کیلئے موجود نہیں ہیں۔