چینائی ۔ /7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ٹاملناڈو نے کہا کہ تقریباً دو ہزار ماہی گیر سمندر میں دور تک گئے ہوئے تھے جبکہ سمندری طوفان اوکھی نے کنیا کماری کا ساحل عبور کیا ۔ ان تمام ماہی گیروں کو مختلف ریاستوں کے ساحلی اضلاع میں بچاکر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ۔ پرنسپل سکریٹری پی کے رامچندرن نے کہا کہ 284 کشتیوں میں سوار 969 ماہی گیروں کو گزشتہ ہفتہ سمندری طوفان اوکھی کے ساحل عبور کرنے سے پہلے بچالیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سمکیات ماہی گیروں سے تفصیلات حاصل کررہا اور انہیں سہولتیں فراہم کررہا ہے ۔ چیف منسٹر پلانی سوامی نے آئی اے ایس عہدیداروں کو کرناٹک ، مہاراشٹرا ، کیرالا اور لکشادیپ کا دورہ کرکے ماہی گیروں سے تفصیلی معلومات حاصل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔