بیگوسرائے۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر کنہیا کمار کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ایک مقدمہ درج کیا گیا۔ کنہیا کمار بہار کے حلقہ بیگوسرائے سے سی پی آئی امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کررہے ہیں۔ ایس ایچ او اروند کمار نے کہا کہ ضلع کے متصور چیک پولیس اسٹیشن میں قانون عوامی نمائندگی کی مناسب دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقامی بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر اور فلائنگ اسکواڈ مجسٹریٹ شتروگھن راجک کے مطابق کنہیا جمعرات کو حصول اجازت کے بغیر ایک گاؤں میں جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ کنہیا کو جو اس حلقہ سے انتخابی سیاست کا آغاز کئے ہیں، مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے بشمول تین رخی مقابلہ کا سامنا ہے۔ آر جے ڈی نے تنویر حسین کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جنہیں گذشتہ انتخابات میں شکست ہوئی تھی۔