کنہیا کمار کی ضمانت منظور آزادی اور لال سلام کی گونج میں جشن

نئی دہلی ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمار دہلی کی عدالت نے غداری کے ایک مقدمہ میں چھ ماہ کیلئے ضمانت کی منظوری دیدی جس کی اطلاع عام ہوتے ہی پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے باہر یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد جمع ہوگئی اور سب نے آزادی کے نعروں اور ’لال سلام‘ کی گونج میں اس خوشخبری کا استقبال کیا۔ طلبہ کی کثیر تعداد نے جے این یو کی روایتی دفلی بچاتے ہوئے اپنے ہاتھوں میں مختلف طلبہ تنظیموں کے پرچم تھامے ہوئے آج دوپہر منڈی ہاؤز سے پارلیمنٹ تک مارچ کیا اور 4 بجے شام دہلی ہائیکورٹ کی طرف سے فیصلہ کے اعلان کا انتظار کیا۔ جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کی نائب صدر شہلا راشد شوریٰ نے کہا کہ ایک طویل عرصہ تک جاری رہنے والی اس جدوجہد میں یہ ہماری ایک بڑی کامیابی ہے۔