کنٹراکٹ ڈاکٹرس ‘ آشا ورکرس و دیگر ملازمین کی تنخواہوں میںاضافہ

پسماندہ طبقات کیلئے 75 ایکڑ اراضی پر بھون کی تعمیر ‘ ریاستی کابینہ کے فیصلے ‘ انتخابات کا تذکرہ نہیں
حیدرآباد 2 ستمبر ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کابینہ کا آج ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کچھ اہم فیصلے کئے گئے تاہم قیاس آرائیوں کے باوجود ریاست میں جلد انتخابات کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ کابینہ کے اجلاس کی صدارت کے چندر شیکھر راؤ نے کی جس میں آشا پروگرام کے تحت خاتون ورکرس کی تنخواہوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاستی وزرا ایٹالہ راجندر اور ٹی ہریش راؤ نے کابینہ کے فیصلوں سے واقف کروایا ۔ جب ڈپٹی چیف منسٹر سے قبل از وقت انتخابات کے تعلق سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بہت جلد کابینہ کا ایک اور اجلاس منعقد ہوگا جس میں مزید فیصلے کئے جائیں گے ۔ آج کابینہ کے اجلاس کے بعد ایٹالہ راجندر اور ہریش راؤ نے بتایا کہ کابینہ نے پسماندہ طبقات کیلئے آتما گورو بھون ( عزت نفس بھون ) تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ تعمیر 75 ایکڑ اراضی پر کی جائیگی جس کا خرچ 71 کروڑ روپئے ہوگا ۔ علاوہ ازیں فیصلہ کیا گیا کہ آشا ورکرس کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائیگا ۔ یہ تنخواہیں 6000 روپئے ماہانہ سے بڑھاکر 7500 روپئے کردی گئیں۔ علاوہ ازیں گوپال مترا ورکرس کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ۔ یہ تنخواہیں 3500 روپئے ماہانہ سے بڑھا کر 8500 روپئے کردی گئیں۔ علاوہ ازیں کنٹراکٹ ڈاکٹرس کے مشاہیرہ میں بھی اضافہ کیا جائیگا ۔ ان کی تنخواہ 36,000 روپئے سے بڑھا کر 40 ہزار روپئے ماہانہ کردی جائے گی ۔ کابینہ نے مندروں کے پجاریوں کی سبکدوشی کی عمر کو بڑھاکر 65 سال کردیا ہے ۔ کابینہ نے اسٹاف نرسیس ‘ سکنڈری اے این ایمز اور صحت و طبابت شعبہ میں کام کرنے والے ٹکنیشنس کی تنخواہوں میں اضافہ کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی وزرا کے ٹی راما راؤ اور مہیندر ریڈی آج کابینہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے ۔