کنٹراکٹ اور پارٹ ٹائم لکچررس کے مسائل حل کرنے کا تیقن

ہڑتال کے پروگرام سے دستبرداری کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر کا زور
حیدرآباد۔/26فبروری، ( این ایس ایس ) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے 11یونیورسٹیز میں برسر کار کنٹراکٹ اور پارٹ ٹائم لکچررس کو اس بات کا تیقن دیا کہ ریاستی حکومت ان کے مسائل کے سلسلہ میں ہمدرد ہے اور انہیں ان کے دھرنا پروگرام کو ملتوی کرنے اور اس سے باز آجانے کا مشورہ دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے یہ تیقن اس وقت دیا جب 11یونیورسٹیز کے کنٹراکٹ اور پارٹ ٹائم لکچررس کے ایک وفد نے آج یہاں ان کی قیامگاہ پر ان سے ملاقات کی اور انہیں ان کے مسائل سے واقف کروایا۔ ان کے مسائل کی سماعت کے بعد کڈیم سری ہری نے بتایا کہ چونکہ سالانہ امتحانات قریب ہیں اور ایم ایل سی کوڈ لاگو ہے اس لئے ان کے لئے یہ بہتر نہیں ہے کہ وہ ایسے موڑ پر ہڑتال کریں۔ انہوں نے ان لکچررس پر زور دیا کہ وہ طلبہ کے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہڑتال سے دستبردار ہوجائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت ان کی تنخواہوں میں اضافہ اور ان کی خدمات کو ریگولر کرنے کے سلسلہ میں ایک کمیٹی کا تقرر کرتے ہوئے ان کے حق میں فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے لکچررس سے یہ بھی کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی میں ساز گار ماحول کیلئے پوری طرح تعاون کریں کیونکہ عثمانیہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقاریب منائی جارہی ہیں۔