کم مربوط راستوں پر زیادہ پروازوں کی اسکیم

ممبئی ۔ 8 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ریاستی حکومت ایک اسکیم پر غور کر رہی ہے جس کے ذریعہ کم مربوط راستوں پر بڑے شہروں کو چھوٹے قصبوں سے مربوط کیا جائے گا۔ ریاستی محکمہ عام انتظامیہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری پی ایس مینا نے کہا کہ ناگپور سے چندرا پور تک عوام کو عام طور پر کاروںکے ذریعہ سفر کرنا پڑتا ہے جس کیلئے تین گھنٹے سے زیادہ وقت درکار ہے جبکہ طیارے کے ذریعہ یہی فاصلہ 25 منٹ میں طئے ہوسکتا ہے۔ ایرلائین کمپنیوں نے اس تجویز میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور اسکیم کیلئے کمنیوںکا انتخاب ٹنڈرس طلب کر کے کیا جائے گا۔ فی الحال ریاست مہاراشٹرا میں 22 ایرپورٹ ہیں لیکن بڑے شہروں جیسے ممبئی ، پونے ، ناگپور اور اورنگ آباد چھوٹے قصبوں سے فضائی سفر کے ذریعہ مربوط نہیں ہیں۔ ایک سینئر عہدیدار نے اطلاع دی کہ حکومت تمام چھوٹے قصبوں سے پروازوں کیلئے چند نشستیں محفوظ کرنا چاہتی ہیں۔ سرکاری عہدیدار جنہیں پوری ریاست کا بشمول دور افتادہ علاقوں کا سفر کرنا پڑتا ہے ۔ اس خدمت سے استفادہ کرسکیں گے۔ اگر کوئی سفر کرنے کے قابل نہ ہوں تو حکومت اس کے باوجود انہیں ٹکٹ کی قیمت ادا کرے گی۔ عہدیدار نے کہا کہ ایسی اسکیم مدھیہ پردیش اور اترپردیش میں پہلے ہی سے جاری ہے ۔ حکومت چندرا پور ایرپورٹ کی توسیع کیلئے متبادل اراضی تلاش کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں پربھنی اور گڑچرولی میں بھی ایرپورٹ تعمیر کئے جائیں گے۔ ضلع کلکٹرس کو اراضی تلاش کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ ریاست کے 22 ایرپورٹس کے علاوہ شرڈی ، نوی ممبئی اور سندھو درگ میں بھی ایرپورٹس زیر تعمیر ہیں۔ بیڑ میں ایک ایرپورٹ کی تعمیر کی تجویز ہے، جس کا آغاز اراضی کی عدم دستیابی کی بناء پر ہنوز نہیں ہوسکا۔