کم قیمت میں ٹیکسی خدمات سے آٹو کا دور ختم ہونے کا امکان

مسافروں کو محفوظ گھر پہونچنے کی ضمانت، مقابلہ آرائی کیلئے آٹوز خدمات کو دشواری
حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں آٹو کا دور ختم ہوجائے گا؟ اوبیر اور اولا نامی ٹیکسی  سہولت فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے شروع کردہ ٹیکسی خدمات سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں آئے دن تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اوبیر اور اولا کی جانب سے کم قیمت میں ٹیکسی سہولتوں کی فراہمی اور بہتر کاروں کے ذریعہ مسافرین کو آرام دہ سفر فراہم کرنے کے سبب شہریوں میں اس سہولت سے استفادہ کا رجحان بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ شہر میں آٹو ڈرائیورس کی جانب سے اختیار کردہ رویہ سے عوام میں کافی برہمی پائی جاتی ہے اور عموماً یہ دیکھا گیا ہے کہ آٹو ڈرائیورس مسافر کی جانب سے روکے جانے پر انھیں منزل مقصود پہنچانے سے صریح انکار کرتے ہیں اور اگر چلنے کے لئے تیار بھی ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں وہ من مانی کرایہ طلب کرتے ہیں

لیکن حالیہ دنوں میں اولا کیابس اور اوبیر کیابس کی جانب سے شروع کردہ خدمات نے آٹو ڈرائیورس کی جانب سے دی جانے والی اس تکلیف کو بڑی حد تک کم کردیا ہے چونکہ اب مسافرین کو متبادل نظر آنے لگا ہے اور سڑک پر انتظار کرتے کھڑے ہونے کی ضرورت باقی نہیں رہی بلکہ وہ اپنے موبائیل پر اپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے ٹیکسی سرویس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اولا اور اوبیر ٹیکسی سرویس میں خدمات انجام دے رہے ڈرائیورس کا کہنا ہے کہ انھیں اس سہولت سے کافی فائدہ حاصل ہورہا ہے اور مسافرین بھی کافی خوش ہیں۔ اپلی کیشن کے ذریعہ اگر کسی کو گاڑی بُک کروانی ہوتی ہے تو دونوں کمپنیوں کی جانب سے کم از کم پہونچنے کا وقت مسافر کو دے دیا جاتا ہے جس سے مسافرین کو انتظار کی ضرورت باقی نہیں رہتی اور دیئے گئے وقت کے اندر کار گھر تک پہونچنے کی ضمانت بھی دی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں یہ دریافت نہیں کیا جاتا کہ مسافرین کی منزل مقصود کیا ہے بلکہ جب گاڑی پہونچتی ہے تو مسافر اس میں سوار ہوکر اپنی منزل کا پتہ حوالہ کرسکتا ہے

تاکہ ڈرائیور اسے منزل مقصود تک پہونچا سکے۔ ٹیکسی خدمات سے استفادہ کی صورت میں بذریعہ ای میل دونوں کمپنیاں رسائد بھی حوالے کررہی ہیں تاکہ اگر کوئی بل داخل کرتے ہوئے کسی کمپنی سے وصول کرنا چاہتا ہے تو اسے سہولت حاصل ہوسکے۔ مسافرین جب اپنے سفر کا آغاز کرتے ہیں تب سے ہی میٹر شروع ہونے لگتا ہے اور سفر کے اختتام کے ساتھ ہی میٹر پر جملہ رقم دکھادی جاتی ہے جس کے مطابق مسافرین کو ادائیگی کرنی ہوتی ہے۔ دونوں کمپنیوں اوبیر اور اولا کی جانب سے انتہائی مسابقتی کرایے رکھے گئے ہیں اور عصری سہولتوں سے آراستہ اس سفری سہولت کا مقابلہ کرنا حیدرآبادی آٹو خدمات کے لئے دشوار کن ہوسکتا ہے اسی لئے آٹو ڈرائیورس کو بھی چاہئے کہ وہ نہ صرف عصری سہولتوں سے استفادہ کریں بلکہ اپنے رویہ میں بھی تبدیلی لانے کے علاوہ مسافرین کو بہتر خدمات فراہم کریں۔