کم عمر میں موٹر گاڑیوں کی ڈرائیونگ پر سخت کارروائی

بچوں کے پکڑے جانے پر والدین کے خلاف چارج شیٹ ، محمد تاج الدین اڈیشنل ڈی سی پی ٹریفک کا بیان
حیدرآباد ۔ /23 فبروری (سیاست نیوز) کم عمر لڑکوں کی ڈرائیونگ کے خلاف حیدرآباد ٹریفک پولیس نے کارروائی میں شدت پیدا کردی ہے اور اس سلسلے میں کئی مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ دونوں شہروں میں کم عمر نوجوانوں کی ڈرائیونگ کے نتیجہ میں المناک حادثات پیش آنے کے نتیجہ میں پولیس نے یہ کارروائی کا منصوبہ بنایا ہے جس میں موٹر سائیکل سوار کے والدین کو اس کا قصور وار قرار دیتے ہوئے چار افراد کو ایک دن کی سزاء بھی سنائی گئی تھی ۔ علاقے ویسٹ اور ساؤتھ زون میں کم عمر لڑکوں کی جانب سے موٹر سائیکل ڈرائیونگ کی ملوث ہونے کے زیادہ واقعات دیکھے جارہے ہیں جس کے سبب ٹریفک پولیس نے پرانے شہر کے علاقوں میں اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کرتے ہوئے کم عمر ڈرائیور کو پکڑنے پر ان کے والدین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور متعلقہ عدالت میں والدین کو بھی پیش کیا جارہا ہے ۔ ٹریفک پولیس کم عمر ڈرائیورس کے خلاف فی الفور کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف چارج شیٹ داخل کررہی ہے اور عدلیہ کی جانب سے بھی کم عمر نوجوانوں کے والدین کو اس کا قصور وار قرار دیا جارہا ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک محمد تاج الدین احمد جو ساؤتھ اور ویسٹ زون کے انچارج ہیں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو اپنی گاڑیاں حوالے نہ کریں کیونکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ کم عمر بچوں کو گاڑی چلانے کی اجازت دینا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ کم عمر نوجوان شہر کی سڑکوں پر تیز رفتاری اور لاپروانہ انداز میں گاڑی چلاتے ہوئے دیکھے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر نوجوانوں کی ڈرائیونگ کے خلاف ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ واضح رہے کہ /4 فبروری کو علاقہ بہادر پورہ میں ایک کم عمر نوجوان موٹر سائیکل سوار لاری کو اوورٹیک کرنے کے دوران ہلاک ہوگیا تھا جبکہ /9 فبروری کو علاقہ ہمایوں نگر میں ایک خطرناک حادثہ میں دو کم عمر نوجوان ہلاک ہوگئے تھے ۔ سال 2017 ء میں 130 حادثہ کا شکار ہونے والے کم عمر نوجوان ہیں ۔