حیدرآباد /27 اپریل ( سیاست نیوز ) نامپلی کورٹ کے فرسٹ ایڈیشنل میٹروپولیٹن سیشن جج نے کمسن لڑکے کے اغواء میں ملوث دو اغواء کنندگان کو عمر قید کی سزا سنائی ۔ انسپکٹر شاہ علی بنڈہ مسٹر این لنگیا نے بتایا کہ 8 فروری سال 2010 کو چار سالہ محمد نوراللہ ولد حمید خان ساکن قاضی پورہ کو سید رشید اور محمد فہیم نے اس وقت اغواء کرلیا تھا جب وہ اپنے مکان کے روبرو کھیل میں مصروف تھا ۔ مذکورہ اغواء کنندگان نے کمسن بچے کے والد سے بذریعہ فون لاکھوں روپئے تاوان کا مطالبہ کیا اور اس کی عدم ادائیگی پر سنگین نتائج کا انتباہ دیا ۔ پولیس نے سید رشید اور محمد فہیم کو گرفتار کرتے ہوئے مغویہ لڑکے کو ان کے چنگل سے رہا کروالیا تھا اور بعد ازاں انہیں جیل بھیج دیا ۔ پولیس نے دونوں ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی اور استغاثہ نے 23 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا تھا ۔ پبلک پراسیکوٹر پرتاپ ریڈی ملزمین کے خلاف عائد کئے گئے الزامات کو ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے نتیجہ میں میٹروپولیٹن سیشن جج نے ملزمین کو عمر قید کی سزا اور فی کس 1000 روپئے جرمانہ عائد کیا ۔ پولیس نے عدالت کے اس فیصلہ کے بعد رشید اور فہیم کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ۔