سیول ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان نے پوپ فرانسیس کو شمالی کوریا کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے اور کہا کہ پوپ فرانسیس کا شمالی کوریا میں والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان 17 اور 18 اکٹوبر کو ویٹکن کا دورہ کرتے ہوئے پوپ فرانسیس سے ملاقات کریں گے اور اپنے اسی دورہ کے دوران موصوف شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کا پیغام بھی پوپ فرانسس کو پہنچائیں گے جہاں پوپ سے وعدہ کیا گیا ہیکہ شمالی کوریا کے دورہ کے دوران ان کا (پوپ) والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ مون کے ترجمان کم ۔ او ۔ کیوم نے اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ یاد رہیکہ 13 اکٹوبر تا 21 اکٹوبر مون ۔ جے ۔ ان یوروپ کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ فرانس، اٹلی اور ڈنمارک کے علاوہ مقدس شہر وٹیکن بھی جائیں گے۔ شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کے ساتھ مون ۔ جے ۔ ان نے گذشتہ سال سے اب تک تین بار ملاقاتیں کی ہیں اور تینوں ہی ملاقاتیں خوشگوار رہی ہیں جن میں آخری دورہ گذشتہ ماہ کیا گیا تھا اور اس وقت مون ۔ جے ۔ ان کے ساتھ جنوبی کوریا کے آرچ بشپ ہیگنس ۔ کم ۔ ہی ۔ جونگ بھی تھے۔