ٹوکیو ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر فلپائن راڈریگو دوتیرتے نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہیکہ شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کو کوئی یہ سمجھائے اور تیقن دے کہ کوئی بھی انہیں اقتدار سے بیدخل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا اور نہ ہی ان کے ملک کو تباہ و برباد کرنے کا خواہاں ہے۔ دوتیرتے کے کل دیئے گئے اس بیان کو ایک ایسے وقت بڑی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے جب وہ اپنے دورہ جاپان کی تیاریاں کررہے ہیں جہاںوہ فلپائن کے گڑبڑ زدہ شہر ماراوی کی تعمیرنو کیلئے تعاون کے طلبگار ہوں گے۔ یاد رہیکہ اس شہر پر گذشتہ پانچ ماہ سے دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کا قبضہ تھا اور اس دوران جھڑپوں میں 1100 جنگجو اور عام شہری ہلاک ہوئے۔ دوتیرتے ماراوی کیلئے پانچ سال تک رقمی امداد کے ایک معاہدہ پر دستخط کے علاوہ وزیراعظم جاپان شینزوابے کے ساتھ شمالی کوریا سے لاحق خطرہ کے موضوع پر بھی بات کریں گے جبکہ منیلا میں آئندہ ماہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کے دوران بھی یہی موضوعات زیربحث آئیں گے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ، جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک کم جونگ ان کو یہ طمانیت دیں گے کہ شمالی کوریا کو دنیا کا کوئی بھی ملک آنکھیں نہیں دکھا رہا ہے وہ بدگمانی میں مبتلاء نہ ہوں اور نیوکلیئر حملہ کی دھمکیاں دینا بھی بند کردیں۔