ٹوکیو۔26 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے کہا کہ وہ خطے میں امن و سلامتی کی فضا قائم کرنے کیلئے شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کیلئے رضامند ہیں۔ آبے نے واضح کیا کہ شمالی کوریائی لیڈر کے ساتھ ملاقات میں ان کا مقصد ایسے جاپانی شہریوں کی بازیابی یا معلومات کا حصول ہے، جنہیں شمالی کوریا نے اغوا کر لیا تھا۔ انہوں نے اس کا اعتراف کیا کہ ابھی تک شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ ملاقات کی کوئی صورت پیدا نہیں ہو سکی ہے لیکن اس حوالے سے رابطہ کاری جاری ہے۔ آبے نے اِن خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کیا۔