واشنگٹن ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جو کم جونگ ان سے ملاقات کیلئے اتفاق کرچکے ہیں، آج کہا کہ اب ایک اچھا موقع ہیکہ شمالی کوریا کے لیڈر اپنے ملک کا نیوکلیئر پروگرام ترک کردیں گے۔ ٹرمپ نے صبح کی اولین ساعتوں میں ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’کئی سال سے اور مختلف انتظامیوں کے دوران ہر کسی نے کہا تھا کہ کوریائی جزیرہ نما کو نیوکلیئر پرگرام سے پاک و آزاد کرنے کا ذرہ برابر بھی امکان نہیں ہے‘‘۔ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ’’اب یہ اچھا موقع ہیکہ کم جونگ ان وہیں کریں گے جو ان کے عوام اور انسانیت کیلئے ٹھیک ہوگا۔ اپنی ملاقات کا متمنی ہوں‘‘۔ سے ٹرمپ کے تبصرے ایک ایسے وقت منظرعام پر آتے ہیں جب کم جونگ ان نے اپنا ایک انتہائی خفیہ دورہ بیجنگ چہارشنبہ کو مکمل کرلیا۔ ان کے ایسے کسی دورہ کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ٹرمپ سے کم کی چوٹی ملاقات سے قبل چین اور شمالی کوریا سردمہری سے دوچار تعلقات کو دوبارہ پرتپاک بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اقتدار پر فائز ہونے کے بعد کم کا یہ پہلا بیرونی دورہ تھا۔ چین کے صدر نے کم اور ان کی شریک حیات کے اعزاز میں بینکویٹ دیا دونوں قائدین نے عظیم عوامی ایوان میں بات چیت کی۔ کم نے عہد کیا کہ جزیرہ نما کوریا کو نیوکلیئر سے پاک رکھا جائے گا۔ کم نے ٹرمپ کے علاوہ جنوبی کوریا کے صدر مون جئے کے ساتھ چوٹی ملاقات کرنے سے بھی اتفاق کرلیا ہے۔