کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی دہلی میں یوم تاسیس تقریب

سید عزیز پاشاہ ، کے نارائنا ، شمیم فیضی و دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔28ڈسمبر(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی 92ویں یوم تاسیس تقریب پارٹی کے مرکزی ہیڈکوارٹر اجئے بھون نئی دہلی میںمنعقد ہوئی ۔ جس میں مرکزی عاملے کے اراکین رکن راجیہ سبھا ڈی راجہ‘ سابق رکن پارلیمنٹ سید عزیز پاشاہ‘ ڈاکٹر کے نارائنہ ‘ جناب شمیم فیضی کے بشمول سینکڑوں کمیونسٹ قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔ بعدازاں میڈیاسے بات کرتے ہوئے ڈی راجہ نے جنگ آزادی میںکمیونسٹ قائدین کے رول پر روشنی ڈالی ، انہوں نے کہاکہ 1925میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکی بنیاد ڈالی گئی اور حسرت موہانی اس تقریب کی استقبالیہ کمیٹی کے صدرنشین مقرر کئے گئے تھے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکے قائدین پر انگریز حکمرانوں نے کانپور سازش کامقدمہ درج کرکے انہیں سالوں تک جیلوں میںمحروس رکھا۔ ممتاز کمیونسٹ قائد مظفر احمد نے جیل کی صعوبتیں برداشت کیں۔مگر آج برطانوں حکمرانوں کی چاپلوسی کرنے والے لوگ ہمیںحب الوطنی کا درس دے رہے ہیں۔ ڈی راجہ نے کہاکہ جن لوگوں نے ملک کی آزادی کے لئے جدوجہد کی مخالفت کی اور انگریزوں کی خوشنودی کے لیے مجاہدین جنگ آزادی کی مخبری کی ان کو ہیر و کے طور پر پیش کرنے کاکام کیاجارہا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ نصابی کتابوںمیںتاریخ کو تبدیل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ملک کے سیکولر اقدار کو متاثر کرنے کی کوششوں کے خلاف منظم اور متحد ہ جدوجہد کی ضرورت ہے اور اس کام کے لئے تمام سکیولر طاقتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا پڑے گا۔فرقہ پرستوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے سکیولر طاقتوں کا ہر محاذ پر سی پی ائی ساتھ دے گی۔