کمیشن آف انکوائری کی عنقریب حکومت کو رپورٹ ادخال تجاویز و نمائندگیوں کی آخری تاریخ میں توسیع

حیدرآباد ۔ 2 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی پسماندگی کا جائزہ لینے والے کمیشن آف انکوائری نے حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس کے علاوہ عوام سے تجاویز طلب کرنے کیلئے آخری تاریخ میں توسیع کی گئی۔ صدرنشین کمیشن آف انکوائری جی سدھیر نے بتایا کہ 21 ڈسمبر تک کمیشن عوامی نمائندگیاں وصول کرے گا ۔ اس مدت کے دوران عوامی نمائندے سماجی تنظیمیں اور انفرادی طور پر مسلمان اپنی نمائندگیاں کمیشن کو روانہ کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں 30 نومبر نمائندگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی، جس میں 21 ڈسمبر میں توسیع کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی صورتحال پر اپنی تجاویز اور رائے کمیشن کو بذریعہ ای میل روانہ کی جاسکتی ہے یا پھر کمیشن کے پتہ پر بذریعہ پوسٹ روانہ کی جانی چاہئے ۔ تمام ایام کار میں صبح 10.30 تا 5 بجے شام کمیشن کے دفتر واقع شکر بھون میں شخصی طور پر نمائندگی کی جاسکتی ہے۔ کمیشن کا ای میل آئی ڈی coiformts2015@gmail.com اور coi4mus@telangana.gov.in ہے۔