کمپنیوں کیلئے امریکہ کے L-1B ویزے کا حصول مزید آسان

واشنگٹن ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج L-1B ویزہ کے حصول کو مزید آسان بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کارپوریٹ ایگزیکیٹیوز کو راحت پہنچائی ہے کیونکہ اوباما کے اس اعلان سے ہندوستان سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی پروفیشنلز کو جن ہراسانیوں کا سامنا تھا، اس کا ازالہ ہوسکے گا اور یہاں موجود ہندوستانی کمپنیوں کو ہندوستانی ملازمین کو یہاں لانے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اوباما نے مزید کہا کہ اس اقدام سے امریکہ میں راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ اوباما نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے بیحد خوشی محسوس ہورہی ہے کہ گلوبل کمپنیوں کے لئے جو اس وقت امریکہ میں برسرکار ہیں، وہ امریکہ میں سرمایہ کاری کی تیاریاں کرلیں۔ حکومت کے انتظامات کو ہدایت کردی گئی ہے L-1B ویزہ زمروں میں اصلاحات متعارف کئے جائیں جس کے ذریعہ کارپوریشنز کو اپنے ورکرس کو بیرونی دفتر سے یو ایس دفتر تبادلہ کرنے میں آسانی ہوگی اور یہ کام انتہائی سرعت کے ساتھ بھی انجام دیا جاسکے گا۔ سیلیکٹ یو ایس اے سمیٹ سے اپنے خطاب کے دوران اوباما نے کہا کہ ان اصلاحات سے سینکڑوں ہزاروں نان ۔ ایمیگرنٹ ورکرس اور ان کے تاجروں کو فائدہ ہوگا اور اس کا بہترین صلہ امریکہ کو یہ ملے گا کہ ملک کی معیشت مستحکم ہوگی کیونکہ اس طرح ملک میں زائد سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ ماضی میں L-1 ویزوں کی درخواستوں کو مسترد کردیا جاتا تھا جس سے امریکہ میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔ دریں اثناء اوباما نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ویزہ کے قوانین میں نرمی کے بعد امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے مزید پرکشش ملک بن جائے گا جس سے نہ صرف امریکہ ایک محفوظ ملک بن جائے گا بلکہ مستحکم اور اسمارٹ بھی ہوجائے گا۔ اس لئے میں اپنے ری پبلکن پارٹی دوستوں سے یہ درخواست کررہا ہوں کہ وہ اس ویزے کے حصول کو آسان بنانے میں اپنا تعاون کریں جسے ہم نے امیگریشن ریفارم سے موسوم کیا ہے۔ اوباما نے کہا کہ اب وہ یہ بات فخریہ کہہ سکتے ہیں کہ تجارت کیلئے امریکہ کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔