کوچی ۔ 17جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کمشنر کسٹمس کیرالا امیت کمار نے کہا کہ انہیں اسمگلروں سے جان سے مار دینے کی دھمکیاں وصول ہورہی ہیں ‘ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس قسم کی حرکتوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے فیس بک میں اپنے صفحہ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسمگلنگ کے خلاف ایئرپورٹ اور بندرگاہوں پر اپنی مہم جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ نومبر سے یہ مہم جاری ہے ۔ تاہم انہیں حال ہی میں جان سے ماردینے کی دھمکیاں وصول ہورہی ہیں جن کا اُن پر کوئی اثر نہیں ہوا اور نہ وہ ان دھمکیوں کی پرواہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بھاری مقدار میں سونا ‘ کرنسی اور منشیات ان کے بحیثیت کمشنر کسٹمس میعاد کے دوران ضبط کی گئی ہیں اور جان سے ماردینے کی دھمکیوں کے باوجود ضبط کی جاتی رہیں گی ۔