سکیوریٹی انتظامات کا معائنہ ۔ ماتحت عہدیداروں سے تبادلہ خیال
حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) منگل کو منعقد ہونے والے مرکزی گنیش وسرجن جلوس کے پیش نظر کمشنر پولیس حیدرآباد ایم مہیندر ریڈی نے پرانے شہر کے حساس علاقوں کا دورہ کیا اور گنیش منڈپوں کے ذمہ داروں سے بات چیت کی۔ آج شام سٹی پولیس کمشنر علاقہ للیتا باغ، اپو گوڑہ، لال دروازہ، گولی پورہ، مغل پورہ، حسینی علم، پرانا پل کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور اپنے ماتحت عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ اس دورہ کے دوران مہیندر ریڈی نے گنیش منڈپوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ جلوس کے دوران امن برقرار رکھیں اور اندرون مقررہ وقت گنیش مورتیوں کو اپنے علاقہ سے روانہ کریں۔ پرانے شہر میں جملہ 2,000 گنیش مورتیاں بٹھائی گئی تھیں جس میں مرکزی جلوس کے دوران 983 مورتیاں شامل رہیں گی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر پولیس نے بتایا کہ 24,000 عملہ پر مشتمل پولیس کا زبردست بندوبست کیا جارہا ہے جس میں نیم فوجی دستے اور تلنگانہ اسپیشل پولیس کے پلاٹونس کو بھی متعین کیا جائے گا۔ مرکزی جلوس پر نظر رکھنے کیلئے جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے اور سٹی کمانڈ کنٹرول سنٹر سے اس پر کڑی نگرانی رکھی جائے گی اور شرپسندی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستوں میں موجود مساجد ، درگاہوں اور چھلوں کو خناطوں سے محفوظ کردیا جائے گا۔ مہیندر ریڈی نے بتایا کہ جلوس کے اختتام تک پولیس عملہ ڈیوٹی پر تعینات رہیگا۔