کمشنر پولیس کا پرانے شہر کا دورہ

حیدرآباد 31 جولائی ( سیاست نیوز ) کمشنر پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج رات اعلی عہدیداران پولیس کے ساتھ پرانے شہر کا دورہ کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر میں حالات کو پرامن بنائے رکھنے اور مجوزہ گنیش تہوار کے پیش نظر کمشنر پولیس نے یہ دورہ کیا ہے ۔ پرانے شہر کے دورہ کے موقع پر مسٹر مہیندر ریڈی کے ہمراہ اڈیشنل کمشنر مسٹر انجنی کمار اور اڈیشنل کمشنر کرائم سندیپ شنڈیلیہ بھی موجود تھے ۔ یہ عہدیداران پرانے شہر کے کئی علاقوں میں گئے تاہم انہوں نے عوام سے ملاقات نہیں کی بلکہ کچھ پولیس اسٹیشنوں پر انہوں نے توقف کیا اور وہاں حساس نوعیت کے مقامات پر گنیش تہوار کے سلسلہ میں کئے جارہے انتظامات کے تعلق سے معلومات حاصل کیں اور متعلقہ عملہ اور عہدیداروں کو کچھ ضروری ہدایات بھی دیں۔ معلوم ہوا ہے کہ کمشنر پولیسں اور دوسرے عہدیداران نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ وہ شہر میں گنیش تہوار کے سلسلہ میں سخت ترین سکیوریٹی انتظامات کو قطعیت دیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھتے ہوئے سخت چوکسی برتی جائے ۔