کمشنر دہلی پولیس کو ریاستی اقلیتی کمیشن کی نوٹس

حیدرآباد۔/25 مارچ(سیاست نیوز) ریاستی اقلیتی کمیشن نے مولانا محمد عبدالقوی ناظم جامعہ اشرف العلوم کے فرزند کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے کمشنر دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون 15 یوم مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یاد رہے کہ دو دن قبل مولانا محمد عبدالقوی دارالعلوم دیوبند میں رابطہ مدارس (دینیہ) کی اجلاس میں شرکت کے لئے حیدرآباد سے بذریعہ طیارہ دہلی روانہ ہوئے تاہم دہلی ایرپورٹ پر گجرات پولیس نے دہلی پولیس کے تعاون سے مولانا کو حراست میں لے لیا اور احمد آباد منتقل کردیا جہاں انہیں 14 دن کے لئے پولیس تحویل میں دے دیا گیا۔ صدرنشین کمیشن جناب عابد رسول خان نے بتایا کہ یہ وضاحت طلب کی گئی ہے کہ آیا مذکورہ گرفتاری میں مناسب قانونی طریقۂ کار اختیار کیا گیا اورگرفتار شدہ شخص کو ان کے حقوق سے آگاہ کیا گیا؟ کمیشن یہ بھی جاننا چاہا کہ 10 برس سے گرفتاری وارنٹ کی تعمیل کیوں نہیں کی گئی جبکہ وہ حیدرآباد میں اپنے مدرسہ میں دستیاب تھے۔ کمیشن نے اس خصوص میں نیشنل کمیشن فار مائناریٹیز سے بھی مداخلت کی خواہش کی ہے اور اس خصوص میں وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ مسٹر سشیل کمار شنڈے کو بھی مکتوبات روانہ کئے گئے۔