کمشنر جی ایچ ایم سی کے موقف پر کارپوریٹرس کی برہمی

حیدرآباد۔/5جنوری، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی سڑکوں کی حالت پر کمشنر بلدیہ کی جانب سے اختیار کردہ موقف کے سبب کارپوریٹرس میں شدید برہمی پائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر بلدیہ مسٹر سومیش کمار نے شہر کی سڑکوں کے بارہا خراب ہونے کی وجوہات کا جائزہ لینے سے قبل سڑکوں کے تعمیری کام کو منظوری نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے سڑکوں کی حالت مزید ابتر ہونے کا خدشہ ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں مسٹر سومیش کمار کی بحیثیت کمشنر تقرری کے فوری بعد انہوں نے شہر کی سڑکوں کی حالت کے متعلق جائزہ لیا اور بارہا سڑکوں کی تعمیر کے باوجود بہہ جانے کی شکایات یا دیگر وجوہات کی بناء پر سڑکوں کی خرابی کا مکمل جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کی کئی اہم سڑکوں پر گڑھوں کے باعث عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اس مسئلہ کی فوری یکسوئی کے متعلق سنجیدگی اختیار کرنے سے گریز کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر بلدیہ مسئلہ کو بنیادی طور پر ختم کرنے کیلئے اسے طول دینے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ سڑکوں کے خراب ہونے کی وجوہات کا مکمل جائزہ لیا جائے لیکن کارپوریٹرس کا یہ استدلال ہے کہ سڑکوں کی خرابی کے باعث انہیں عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے بعد ڈرینج یا آبرسانی کے پائپس کی تنصیب کیلئے سڑکوں کو دوبارہ کھودے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اسی طرح چند علاقوں میں عوام کی جانب سے سڑک کی تعمیر کو اسی وقت یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے جب تک ڈرینج اور آبرسانی کے کاموں کی تکمیل نہیں ہوجاتی۔ اسی لئے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب کمشنر کی جانب سے تمام زونس کے ایڈیشنل کمشنرس سے سڑکوں کی تعمیر سے متعلق مکمل تفصیلات طلب کی جارہی ہیں تاکہ ان کا باریک بینی سے جائزہ لیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ

بعض علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ایک سال میں دو مرتبہ بھی ہوئی ہے جس کی کمشنر کو شکایات موصول ہوئی ہیں۔ بلدی عہدیدار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ فوری طور پر کن علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر یقینی بنائی جانی چاہیئے اور کونسے علاقے ایسے ہیں جہاں پر سڑکوں کی تعمیر کو منظوری حاصل ہوچکی ہے لیکن کاموں کا آغاز نہیں ہوا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں موجود کارپوریٹرس کی جانب سے بلدی عہدیداروں کے اس رویہ کو بلدی مسائل کے حل کرنے کے سلسلہ میں کوتاہی برتنے پر محمول کیا جارہا ہے جبکہ بلدی عہدیدار اپنے موقف کو درست قرار دے رہے ہیں۔