حیدرآباد۔ 2؍جولائی (سیاست نیوز)۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے آج ایک مرتبہ پھر اپنے ماتحتین کے ہمراہ پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ماہِ رمضان المبارک اور بونال تہوار کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے پرانے شہر میں چارمینار کے اطراف و اکناف پیدل دورہ کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات کے علاوہ دیگر اُمور کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صفائی کے معاملے میں کسی قسم کی مفاہمت نہ کریں اور کچرے کی نکاسی کو یقینی بنانے میں کوئی دقیقہ باقی نہ رکھیں۔ انھوں نے مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے جاریہ تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور مسجد کے اندرونی حصے میں جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو فوری طور پر کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی۔ علاوہ ازیں انھوں نے بونال جلوس گزرنے کے راستوں پر موجود سڑک کے گڑھوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کو بہتر بنانے کے لئے زونل کمشنرس اپنے طور پر اقدامات کرتے ہوئے سڑکوں کی حالت بہتر بنائیں۔
مسٹر سومیش کمار نے مسٹر بالاسبرامنیم کے علاوہ مسٹر این روی کرن کے ہمراہ لال دروازہ میں موجود منادر کے اطراف و اکناف کا دورہ کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے پرانے شہر کے دورہ کے بعد بعض عہدیداروں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی تاکید کی۔ انھوں نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہریوں کی حفظانِ صحت کے علاوہ شہریوں میں صفائی کے متعلق شعور اُجاگر کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے اور بلدیہ اپنے طور پر متعدد اقدامات کررہی ہے۔ انھوں نے شہریانِ حیدرآباد سے اپیل کی کہ وہ بھی شہر کو پاک و صاف بنانے میں اپنا تعاون کریں اور شہر کے تاریخی مقامات کے اطراف و اکناف صفائی کو یقینی بنائیں۔ مسٹر سومیش کمار نے پرانے شہر میں بونال جلوس اور ماہِ رمضان المبارک کے دوران صیانتی انتظامات کے متعلق بھی آگہی حاصل کی اور جلوس گزرنے کے راستوں کو بہتر بنانے کے علاوہ ان مقامات پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں وغیرہ کی کارکردگی کے متعلق تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت دی۔