کمسن لڑکی کا اغواء اور اجتماعی عصمت ریزی کے بعد بہیمانہ قتل

بورویل پر پانی پینے کیلئے رکنے والے باپ کی پٹائی اور بیٹی کو چھین لیا گیا ، ضلع رنگاریڈی میں شرمناک واقعہ
حیدرآباد/22 مئی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی میں چند نامعلوم افراد نے ایک 15 سالہ لڑکی کا مبینہ طور پر اغواء کرنے کے بعد اس کو ہلاک کردیا ۔ پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اس لڑکی کو ہلاک کرنے سے قبل عصمت ریزی بھی کی گئی تھی ۔ یہ واقعہ گذشتہ رات موضع بارواڑ کے قریب پیش آیا ۔ 9 ویں جماعت کی طالبہ یہ لڑکی اپنے باپ کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھی اور پانی پینے کیلئے یہ دونوں ایک بورویل کے پاس پہونچے جہاں دو نامعلوم افراد نے پہلے باپ کو پکڑ لیا اور اس کو بری طرح زدوکوب کیا جس کے نتیجہ میں وہ ( باپ ) بے ہوش ہوگیا ۔ اس دوران دیگر تین افراد ایک آٹو رکشا میں اس لڑکی کو لیکر فرار ہوگئے ۔ ضلع رنگاریڈی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم سرینواس نے یہ تفصیلات بیان کرتے ہوئے مزید کہا کہ لڑکی کے باپ نے آج صبح کی اولین ساعتوں پولیس میں اس واقعہ کی شکایت درج کروائی جس کے بعد لڑکی کی تلاش شروع کی گئی تھی اور گاؤں سے ایک کیلومیٹر دور لڑکی کی نعش دستیاب ہوئی ۔ لڑکی کی نعش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس نے کہا کہ اس کے سر پر زخموں کے نشانات پائے گئے ۔ ابتدائی رپورٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ اس لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی ۔ بعد ازاں گلہ گھونٹ کر اس کا قتل کردیا گیا ۔ بنٹارام پولیس نے بچوں کو جنسی جرائم سے محفوظ رکھنے سے متعلق قانون کے مطابق ہندوستان تعزیری دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ میں اجتماعی عصمت ریزی سے متعلق دفعات بھی درج کی گئی ہیں ۔ ایم سرینواس نے کہا کہ خاطیوں کو پکڑنے کیلئے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔