مالدہ ( مغربی بنگال ) ۔ 17 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے 58 کمسن لڑکوں کو بچایا جن کی غیرقانونی طورپر تجارت کی جانے والی تھی ۔ یاد رہے کہ دنیا میں ایسے افراد کی کمی نہیں جو کمسن لڑکوں کو اپنا غلام بناکر رکھتے ہیں اور اُن کے ساتھ جنسی بدفعلی بھی کرتے ہیں ۔ ایسے ہی 58 لڑکوں کو کیرالاسے پولیس نے بچاکر یہاں منتقل کیا۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ کمسن لڑکوں کو اُن کے مواضعات سے 23 مئی کے روز دینی مدرسوں میں تعلیم دلوانے کے بہانے لایا گیا ۔پولیس نے بچوں کو جب ریلوے پلیٹ فارم پر مشکوک حالات میں گھومتے دیکھا تو اُن سے پوچھ گچھ کی ۔ 14 سال کی عمر کے ان لڑکوں کو خلیجی ممالک روانہ کیا جانے والا تھا جہاں اُن سے نہ صرف بچہ مزدوری کروائی جاتی بلکہ اُونٹ کی ریس میں اُنھیں جاکی کے طورپر بھی استعمال کیا جانے والا تھا ۔ علاوہ ازیں لڑکوں کا جنسی استحصال بھی کیا جاتا ہے ۔تمام کمسن لڑکوں کو پولیس کی حفاظت میں کیرالا سے یہاں لایا گیا اور اُن کے متعلقہ مواضعات کو روانہ کردیا گیا ۔ قبل ازیں انھیں بچوں کے معاملات دیکھنے والی ایک عدالت میں بھی پیش کیا گیا تھا ۔