حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) ملک پیٹ موسیٰ رام باغ میں ایک کمسن سمپ میں گرکر فوت ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 5 سالہ شیخ عبدالرحمن جو موسیٰ رام باغ کے ساکن شیخ یعقوب کا لڑکا تھا آج صبح اُسی علاقہ میں زیرتعمیر مکان کے کھلے سمپ میں اتفاقی طور پر گرگیا۔ بچے کی گمشدگی کے نتیجہ میں والدین تشویش کا شکار ہوگئے اور تلاش شروع کردی۔ شیخ عبدالرحمن کی والدہ شمشاد بیگم اپنے بچے کی تلاش میں زیرتعمیر مکان پہونچیں جہاں سمپ میں معصوم بچے کو بیہوشی کی حالت میں دیکھ کر صدمہ کا شکار ہوگئی۔ فوراً مقامی افراد کی مدد سے کمسن کو قریبی خانگی ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ بچے کو مردہ قرار دیا۔ کمسن کی موت کی اطلاع پر موسیٰ رام باغ علاقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی اور زیرتعمیر مکان مالک پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ ملک پیٹ پولیس نے کمسن کی نعش بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ جبکہ مکان مالک سیدہ عطیہ اور اُن کے بیٹے کے خلاف لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا۔