کمسن بچے کی قاتل ماں گرفتار

نظام آباد۔4 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ناجائز تعلقات کو برقرار رکھنے کی خاطر ایک بے رحم ماں نے اپنے معصوم لڑکے کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا، اس قتل کی واردات میں ملوث ماں اور اس کے عاشق کو پولیس گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر دے دیا۔ ڈی ایس پی نظام آباد مسٹر آنند کمار نے آج رورل سرکل آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ 29؍ مئی کے روز ماکلور منڈل کے مولنگی (بی) میں 14 ماہ کے لڑکے کا قتل ہوا تھا اس کیس میں پولیس تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ مولنگی (بی) کی رمنی کے اسی موضع سے تعلق رکھنے والے ستیش سے ناجائز تعلقات تھے اور اس کا شوہر رمیش اس بات سے ناواقف تھا اور رمیش خلیج روانہ ہونے کی تیاریاں کررہا تھا اور عنقریب خلیج کیلئے روانہ ہونے والا تھا ۔رمنی اپنے ناجائز تعلقات کو برقرار رکھنے میں 14ماہ کا اس کا لڑکا سوتک آڑ بن رہا تھا اور اسے چھوڑ کر ستیش کے ساتھ جانا مشکل ہورہا تھا جس پر اس نے 29؍ مئی کے روز سوتک کو گلا گھونٹ کر پانی کے ڈرم میں ڈال دیا اور لاپتہ ہونے کا بہانہ بنا یا اور بعد میں یہ لڑکا پانی کے ڈرم میں برآمد ہوا۔ رمنی کے حالات کو دیکھ کر پولیس شک و شبہات ظاہر کرتے ہوئے اسے تحویل میں لیکر پوچھ تاچھ کرنے پر بتایا کہ رمیش کے خلیج چلے جانے کے بعد ستیش کے ساتھ ناجائز تعلقات کو برقرار رکھنا چاہتی تھی جس کی وجہ سے اس نے معصوم کا قتل کردیا۔جس پر پولیس نے ان دونوں کو گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر دے دیا ۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر رورل وینکٹیشور رائو بھی موجود تھے۔