حیدرآباد 22 جولائی (پی ٹی آئی) مروگپا گروپ کے ایکزیکٹیو چیرمین اے ویلایان نے کہا ہے کہ ملک میں کمزور مانسون کے باوجود رواں سال کے دوران شکر کی پیداوار 25 ملین ٹن تک پہونچ جائے گی۔ ویلایان نے کہاکہ ’’اترپردیش ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ مہاراشٹرا میں زائد شکر پیدا ہوگی۔ کرناٹک میں بھی زائد شکر پیدا ہوگی۔ رواں سال مجموعی طور پر 25 ملین ٹن شکر کی پیداوار ہوگی‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ شکر پر درآمدی ٹیکس میں اضافہ کرنے حکومت کے فیصلہ سے گھریلو صنعت کو تقویت ملے گی۔ مروگپا گروپ کی ایک کمیٹی ای ٹی ڈی پیری انڈیا نے 2012-13 میں 4.67 لاکھ ٹن کے مقابلے گزشتہ سال 6.01 لاکھ ٹن شکر پیدا کی تھی۔ ویلایان نے کہاکہ دنیا میں شکر کی سب سے کم قیمت ہندوستان میں ہے۔ ملک میں شکر کا وافر ذخیرہ ہے اور درآمد کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔