کمرشیل ٹیکس ادا نہ کرنے پرتاجرین کیخلاف کارروائی

کوٹھی زچگی خانہ میں برقی مسئلہ کی یکسوئی ‘وزیر کمرشیل ٹیکسس سرینواس یادو
حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ مقررہ وقت پر ٹیکسس ادا نہ کرنے والے تاجرین (ٹریڈرس) کے خلاف سخت ترین موقف اختیار کر کے ضروری کارروائی کرے گی۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر کمرشیل ٹیکسس حکومت تلنگانہ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں بڑے جیولری شاپس ‘ کپڑوں کی دوکانوں ‘کارپوریٹ ہاسپٹلس‘ سنیما تھیٹرس کے علاوہ مالس مقررہ وقت پر ٹیکسس ادا نہیں کررہے ہیں جس کے باعث ریاست کے مالیہ پر اس کے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں جبکہ بڑی دوکانوں کے مالکین اپنی من مانی چلانے کیلئے کوشاں ہیں۔ تاجرین کے اس رویہ پر حکومت ہر گز خاموش تماشائی نہیں بنے گی۔ بلکہ ان کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایسے تجارتی ادارہ جات جو کہ ٹیکسس ادا نہ کرتے ہوں اور ٹیکس چوری میں ملوث پائے جائیں تو ان کی اطلاعات حکومت کو فراہم کرنے پر حکومت ان افراد کے ناموں کو خفیہ رکھتے ہوئے انہیں زبردست ترغیبات دی جائیں گی۔ وزیر کمرشیل ٹیکسس مسٹر ٹی سرینواس یادو نے بتایا کہ حکومت ٹیکسس کی وصولی کو بھی آن لائن کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے وقت مقررہ پر ٹیکس رقومات کی ادائیگی کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی میں برابر کا حصہ دار بننے کی اپیل کی ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں ٹیکس کی شکل میں حکومت کو جملہ 30 ہزار کروڑ روپئے سالانہ حاصل ہوتے ہیں لیکن اب ان ٹیکسس کی ادائیگی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ وزیر کمرشیل ٹیکسس نے کوٹھی میں واقع گورنمنٹ میٹر نیٹی ہاسپٹل میں در پیش برقی کے مسئلہ سے واقف کروانے پر کہا کہ مذکورہ ہاسپٹل میں برقی کے درپیش مسئلہ کی عاجلانہ طور پر یکسوئی کروادی گئی اور آئندہ کبھی اس طرح کی صورتحال کا اعادہ نہ ہونے کیلئے متعلقہ محکمہ کے اعلی عہدیداروں کو سخت ہدایات دی گئیں۔ علاوہ ازیں موسم گرما کے دوران تمام تر دواخانہ جات‘ مدارس و کالجس میں برقی کا مسئلہ درپیش نہ رہنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں پانی کی سربراہی اسکیمات کیلئے بھی کسی بھی نوعیت کی برقی کٹوتی نہ رہنے بلکہ بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔