کمار وشواس پر مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام

لکھنو ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی قائد کمار وشواس کے خلاف ویڈیوز کے ذریعہ مذہبی جذبات کو ٹھیس لگانے کے ریمارکس کرنے پر معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ مذکورہ ویڈیوز آن لائین پر دستیاب ہیں۔ دریں اثناء پولیس نے بتایا کہ معاملہ جنرل سکریٹری سری رام جنم بھومی سیوا سمیتی آر پی مشرا کی جانب سے درج کروایا گیا ہے جہاں کمار وشواس نے مبینہ طور پر شہیدان کربلا اور ہندوؤں کے بھگوانوں کے خلاف اہانت انگیز ریمارکس کئے تھے ۔ ان کے خلاف مہا نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی ہے ۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ اس معاملہ کی تحقیقات کی جاری ہے ۔ مشرا نے الزام لگایا ہے کہ کمار وشواس جو شاعر سے سیاستداں بن گئے ہیں، نے کچھ ایسے ریمارکس کئے ہیں جس سے ہندو اور مسلمانوں کی دلآزاری ہوئی ہے ۔ پولیس ان ویڈیوز کا مشاہدہ کرے گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کمار وشواس امیٹھی حلقہ انتخابات سے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف انتخابات لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے ادعا کیا ہے کہ وہ امیٹھی سے نہرو ۔ گاندھی خاندان کی اجارہ داری کا خاتمہ کردیں گے اور عام آدمی کی حکومت قائم کریں گے۔