نئی دہلی ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس آج دوسری مرتبہ بھی دہلی کمیشن فار ویمن کے روبرو حاضر ہونے میں ناکام رہے ۔ پارٹی کی ایک خاتون والینٹر کی شکایت پر کمیشن نے انہیں سمن جاری کیا تھا ۔ صدرنشین کمیشن برکھا شکلا سنگھ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس متاثرہ خاتون کے شوہر کو بھی طلب کیا اور وہ آج حاضر ہوا ۔ ہماری کوشش یہ ہے کہ اس جوڑے کو دوبارہ ملادیا جائے ۔ واضح رہے کہ کمار وشواس کے ساتھ ناجائز تعلقات کی اطلاعات کی بنیاد پر شوہر نے اس خاتون سے دوری اختیار کرلی تھی ۔ برکھا شکلا سنگھ نے کہا کہ کمار وشواس اور ان کی اہلیہ کو سمن جاری کرتے ہوئے /4 مئی کو 3 بجے قبل حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن کمار وشواس نہیں آئے اور انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی نوٹس موصول نہیں ہوئی ہے ۔ چنانچہ کمیشن نے کل تازہ سمن جاری کرتے ہوئے حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی ۔
اس کے ساتھ ساتھ برکھا شکلا سنگھ نے ٹیلی ویژن کیمروں کے سامنے کمار وشواس سے درخواست کی تھی کہ وہ حاضر ہوں اور خاتون کے خاندانوں کو بچانے میں مدد کریں ۔ دہلی کمیشن فار ویمن کے سمن جاری کرنے پر خاتون والینٹر کا شوہر بھی آج حاضر ہوا ۔ اس نے بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف یہ چاہتا ہے کہ کمار وشواس اور ان کی اہلیہ سامنے آئیں اور اپنا موقف واضح کریں ۔ اس کے بعد ہی وہ اپنی بیوی کو قبول کرے گا ۔ بعد ازاں شکایت کنندہ خاتون اور ایک عام آدمی پارٹی والینٹر کے مابین بحث چھڑ گئی اور کمیشن رکن کو اس معاملے میں مداخلت کرنی پڑی ۔ صدرنشین کمیشن نے بیرونی افراد کی بار بار مداخلت پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے میں وزیر داخلہ ، لیفٹننٹ گورنر اور دہلی پولیس کمشنر کو مکتوب تحریر کریں گی ۔ کل بھی ڈرامائی صورتحال دیکھی گئی تھی اور پریس کانفرنس کے دوران ایک رکن نے کمیشن کے فیصلے کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے بطور احتجاج استعفی دیدیا تھا ۔ انہوں نے کمار وشواس کو جاری نوٹس کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا تھا ۔