کمار سوامی کی حلف برداری کی تقریب ،اپوزیشن کے غیر معمولی اتحاد کا مظاہرہ

بنگلور: کرناٹک میں ایچ ڈی کمار سوامی کی تاج پوشی کے ساتھ ہی اپوزیشن پارٹیوں نے ۲۰۱۹ء کے لئے زبر دست اتحاد اور اپنی سیاسی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کیا ۔

 

آخر کار کانگریس او رجے ڈی ایس اتحادکرناٹک حکومت قائم ہوگئی او روزیر اعلی کے طور پر کمار سوامی نے حلف برداری لیتے ہوئے کرسی سنبھال لی ۔حالانکہ امید یہ تھی کہ اس تقریب حلف برداری میں دونائب وزیر اعلی ا ور ۲۰؍ کابینی وزراء حلف لیں گے لیکن ایسانہیں ہوا بلکہ وزیراعلی او رنائب وزیر اعلی نے ہی حلف لیا ہے ۔باقی وزراء اکثریت ثابت کرنے کے بعد حلف لیں گے ۔

اہم بات یہ ہے کہ حلف برداری میں اپوزیشن کا ایسا عظیم الشان اجتماع شائد اس سے پہلے نہیں دیکھاگیا ۔اس تقریب میں یو پی اے کی چیر پرسن سونیا گاندھی ،کانگریس کے صدر راہل گاندھی ، ٹی ایم سی صدر او رمغربی بنگال کی زیر اعلی ممتا بنرجی ،آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چند را بابو نائیڈو ،دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال ،بی ایس پی صدر مایاوتی ، ایس پی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو سمیت کئی اہم وزراء موجود تھے ۔

ایسا لگتا ہے کہ اپوزیشن کسی ایسے موقع کی تلاش میں تھی کہ جب وہ سب ایک ساتھ بی جے پی او رمودی حکومت کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کرسکیں او رجب انہیں کرناٹک کی شکل میں شکست کے باوجود جیت کا مزہ ملا تو سب ایک ساتھ ہوگئے ۔

دراصل اتحاد کا یہ مظاہرہ اس بات کی دلیک ہے کہ ۲۰۱۹ء میں مودی حکومت او ربی جے پی کے خلاف ایک عظیم اتحاد تیار ہوگا اور سبھی پارٹیاں اپنے اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے ساتھ کھڑی ہوں گی ۔