تیسرے محاذ کیلئے دیگر علاقائی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کا منصوبہ
حیدرآباد۔/20 مئی، ( سیاست نیوز) کرناٹک میں جنتا دل سیکولر اور کانگریس اتحاد کی اسمبلی میں کامیابی کے بعد جنتا دل سیکولر کے قائد ایچ ڈی کمار سوامی نے ملک میں علاقائی جماعتوں کے اتحاد کی کوششوں کو تیز کردیا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے کانگریس اور بی جے پی کے خلاف تیسرے محاذ کے قیام کی مساعی شروع کی جس کے تحت انہوں نے کمار سوامی سمیت کئی دیگر علاقائی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایچ ڈی کمار سوامی نے چہارشنبہ کو ان کی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری تقریب میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹرس کو مدعو کیا ہے۔ دونوں چیف منسٹرس نے انھیں کامیابی پر مبارکباد پیش اور تقریب میں شرکت سے اتفاق کیا۔ ٹی آر ایس کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر چہارشنبہ کو بنگلور میں حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ وہ اس تقریب میں دیگر علاقائی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تیسرے محاذ کی تیاریوں کو مزید آگے بڑھانے کی حکمت عملی تیار کریں گے۔ کے سی آر نے انتخابات سے عین قبل بنگلور کا دورہ کرتے ہوئے ایچ ڈی دیوے گوڑا اور کمار سوامی سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے انتخابات میں جے ڈی ایس کی تائید کی اور کرناٹک میں مقیم تلگو رائے دہندوں سے اپیل کی تھی کہ وہ جنتا دل سیکولر کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں۔ کے سی آر نے کانگریس اور بی جے پی پر عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکامی کا الزام عائد کیا تھا۔ حلف برداری تقریب میں کے سی آر کی موجودگی دلچسپ رہے گی کیونکہ جنتا دل سیکولر نے تشکیل حکومت کیلئے کانگریس سے اتحاد کیا ہے۔ تقریب میں اے آئی سی سی کے صدر راہول گاندھی کے علاوہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور سابق چیف منسٹر اُتر پردیش اکھلیش یادو کی شرکت متوقع ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے کمار سوامی کو چیف منسٹر کے عہدہ کی مبارکباد پیش کی اور ملک میں ریاستوں سے انصاف کیلئے علاقائی جماعتوں کے محاذ کی ضرورت ظاہر کی۔ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی شرکت کے بارے میں ابھی تک سرکاری طور پر توثیق نہیں کی گئی ہے۔