کمارا سوامی کی بنگلور میں کل حلف برداری تقریب

چند رشیکھر راؤ‘ چندرا بابو نائیڈواور ممتابنرجی کی شرکت متوقع
حیدرآباد ۔ 21مئی ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ چہارشنبہ کو بنگلور میں کرناٹک کے چیف منسٹر کی حیثیت سے کمارا سوامی کی حلف برداری تقریب میں حصہ لیں گے ۔ واضح رہے کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات سے چند دن قبل کے سی آر نے بنگلور میں کمارا سوامی اور ان کے والد و سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا سے ملاقات کی تھی اور توقع ہے کہ 23مئی کو کمارا سوامی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق چیف منسٹر چہارشنبہ کی صبح ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ بنگلور پہنچیں گے ۔ کے سی آر نے انتخابی مہم کے دوران جے ڈی (ایس) کی تائید کی تیھ اور تلگو عوام سے اس پارٹی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل بھی کی تھی ۔ کمارا سوامی نے اپنی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے کے سی آرکو دعوت دی تھی جس کو انہوں نے قبول کرلیا ہے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ‘ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی ‘ اترپردیش کے سابق چیف منسٹرس مایاوتی اور اکھلیش یادو بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے ۔