بی جے پی کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے ریمارک کی مذمت
بنگلورو۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک بی جے پی نے چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی پر غداری کا الزام عائد کیا اور ریاستی حکومت کو غیرمستحکم کرنے زعفرانی جماعت کی کوشش پر اس کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے عوام سے کی گئی اپیل کی مذمت کی۔ ریاستی ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) نیلمی این راجو کو پیش کردہ اپنی شکایت میں بی جے پی نے الزامات عائد کیا کہ چیف منسٹر نے ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی دفعہ (الف) 124 اور دیگر دفعات کی خلاف ورزی کی ہے۔ اڈپی چکمگلورو حلقہ لوک سبھا کی بی جے پی رکن شوبھا کارندلابے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کمار سوامی نے جو دستوری عہدے پر فائز ہیں جس کے باوجود انہوں نے عوام کو بغاوت کے لئے اُکسایا ہے‘‘۔ پلے کارڈس تھامے ہوئے بی جے پی کارکنوں نے مئیو بینک سرکل کے قریب احتجاج منظم کیا۔ اس دوران سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے علاوہ ان کے بیٹوں کے خلاف نعرے لگائے گئے۔