کماراسوامی کی ممتا اور دیگر لیڈروں سے جمہوریت کی حفاظت کی اپیل

بنگلور’ 17مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور جنتا دل (سیکولر) کے ریاستی صدر ایچ ڈی کماراسوامی نے مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے ریاست میں جمہوریت کے قتل اور آئین کی حفاظت کے لئے کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے کی حمایت کرنے کی اپیل کی ہے ۔مسٹر کمار سوامی نے یہاں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ میں شامل ہونے سے قبل الزام لگایا کہ ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی کہتے ہیں کہ وہ ملک کو صاف ستھرا بنانا چاہتے ہیں لیکن حقیقت میں وہ ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کے لئے اپنی پارٹی کے لیڈروں کی خریدوفروخت کی کوششوں کو تقویت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے مختلف ریاستوں کے اپوزیشن لیڈروں’ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی ‘ اترپردیش کی سابق وزیراعلی اور بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی اور دیگر لیڈروں کو خط لکھ کر آئین کے وقار کا تحفظ کرنے میں تعاون دینے کی اپیل کی ہے ۔مسٹر کماراسوامی نے الزام لگایا کہ انہیں موصولہ اطلاع کے مطابق مودی حکومت نے کانگریس ممبر اسمبلی آنند سنگھ کو دھمکی دی ہے کہ اگر حکومت بنانے میں انہوں نے کانگریس کی حمایت کی تو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ان پر شکنجہ کس سکتی ہے ۔ انہوں نے گورنر وجو بھائی والا پر بی جے پی کے لیڈر بی ایس یدیورپا کو اکثریت ثابت کرنے کے لئے پندرہ دنوں کا وقت دے کر بی جے پی کو خریدوفروخت کا راستہ ہموار کرنے کا بھی الزام لگایا۔