انتخابات پر غور و خوض
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : کل ہند مسلم سنگھم کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں مختلف مکاتب فکر کے دانشوران اور علماء و مشائخین نے شرکت کی ۔ صدرسنگھم جناب خالد رسول خاں نے نگرانی کی ۔ مسلم دانشوروں نے انتخابات کے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔ دانشوروں نے تلنگانہ میں مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی کے متعلق ریاستی اور قومی جماعتوں سے نمائندگی کا فیصلہ کیا اور بی جے پی کو چھوڑ کر تمام سیکولر سیاسی جماعتوں سے تلنگانہ میں حیدرآباد کے علاوہ دو ایم پیز اور بارہ اسمبلی ٹکٹ مسلمانوں کو دینے نمائندگی کا فیصلہ کیا ۔ دو دنوں میں تمام جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات کی جائیگی ۔ خالد رسول خاں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں دلت ، مسلم ، گوڑ اور دیگر پسماندہ طبقات کی قربت میں اضافہ ہوا جس سے استفادہ کرتے ہوئے کل ہند مسلم سنگھم پسماندگی کا شکار تمام طبقات کے لئے ایک اتحادی پلیٹ فارم کی تیاری کررہا ہے انہوں نے کہا کہ اگر تلنگانہ میں کوئی ریاستی یاقومی جماعت مسلمانوں سے نا انصافی یا حق تلفی کرے تو یہ اتحادی پلیٹ فارم آبادی کے مطابق متعلقہ اسمبلی حلقہ سے اپنا امیدوار کھڑا کرے گا جس کو پسماندگی کا شکار تمام طبقات کا ووٹ ملنا یقینی ہوجائیگا ۔ جناب خالد رسول خاں نے کہا کہ مسلم سنگھم ریاستی و قومی جماعتوں کے قائدین کو اپنی مستقبل کے لائحہ عمل سے بھی واقف کروائیگا جو نہ صرف ان جماعتوں کیلئے انتباہ ہوگا بلکہ اگر پارلیمانی و اسمبلی ٹکٹوں کی تقسیم میں مسلمانوں کو نظر انداز کیا گیا تو 2014 کے انتخابی نتائج تلنگانہ میں نئی سیاسی صف بندی کے مرہون منت ہوجائیں گے ۔