کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی انٹرنیشنل معراج النبیؐ کانفرنس

حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام برصغیر ہند کی عظیم الشان فقید المثال 20 ویں انٹرنیشنل معراج النبیؐ کانفرنس 16 مئی بروز ہفتہ بعد نماز عشاء چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ پر منعقد ہوگی ۔ جناب محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) و ڈاکٹر محمد عظمت رسول کے بموجب اس عظیم الشان کانفرنس میں عالم اسلام کی مشہور و معروف علمی شخصیات کے خطابات ہوں گے ۔ کمیٹی کی خصوصی دعوت پر کانفرنس مہمان مقرر کی حیثیت سے شرکت کرنے والے سرزمین فلسطین کی ایک عظیم شخصیت الشیخ ڈاکٹر محمود الھباش حفظہ اللہ جو مملکت فلسطین کے قاضی اعظم اور سابق وزیر مذہبی امور فلسطین حیدرآباد آمد ہوگی ۔ ڈاکٹر صاحب مسجد اقصیٰ کی حرمت و تقدس اور بازیابی اور اسرائیل کی مظلوم فلسطینیوں پر جارحیت و بربریت کے خلاف اپنے شعلہ بیان خطابات کے ذریعہ عالم عرب میں شہرت رکھتے ہیں ۔ مملکت فلسطین سے اس عظیم شخصیت کی آمد حیدرآباد دکن کی عوام کے لیے باعث فخر و اعزاز ہوگی ۔ دوسرے مہمان مقرر حضرت حافظ احسان اقبال قادری حفظہ اللہ ( کولمبو سری لنکا ) مولانا فاتح سری لنکا کے لقب سے جانے جاتے ہیں ۔ آپ کے علمی و عرفانی بیانات کا ڈنکا سارے عالم میں بجتا ہے اور آپ کے خطابات سے لاکھوں لوگ فیضاب ہوچکے ہیں ۔ دور حاضر میں مولانا اپنے خطابات میں قرآن اور احادیث کے مدلل جوابات کے ذریعہ گمراہ عقائد والوں کے لیے شمشیر بے نیام کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ نیز شمالی ہند کے عالم دین ، مفکر اسلام مولانا محمد عابد رضا مصباحی ( لکھنو ) ، جامعہ اشرفیہ مبارک لکھنو سے فارغ ہیں ۔

ان کے علاوہ مملکت فلسطین کے دو عظیم شخصیات الشیخ عدنان ابوالھیجہ حفظہ اللہ (عزت مآب سفیر مملکت فلسطین نئی دہلی ) والشیخ صالح فہد محمد حفظہ اللہ (عزت مآب وزیر سفارت فلسطین نئی دہلی ) کی بھی شرکت ہوگی ۔ کانفرنس کی سرپرستی مولانا حافظ عبداللہ قریشی الازہری ( خطیب مکہ مسجد) ، صدارت مولانا سید خلیل علی شاہ بابا قدرتی محبوبی ، نگرانی مولانا سید شاہ محمد قادری ملتانی ، قیادت جناب محمد شوکت علی صوفی کریں گے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب سید وقار الدین قادری ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن و چیرمین انڈو عرب لیگ ، مولانا سید معز الدین قادری شرفی ، مولانا سید شاہ انوار اللہ افتخاری نبیرہ حضرت وطنؒ ، مولانا سید محمد تنویر الدین خدانمائی افتخاری شرکت کریں گے ۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی ایڈوکیٹ خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے ۔ کانفرنس میں مملکت فلسطین کی عظیم شخصیات مسجد اقصیٰ کی حرمت و بازیابی پر خصوصی خطاب کریں گے ۔ نیز اس کانفرنس کا مقصد دور حاضر میں نوجوان نسل کو گمراہ فرقوں کے فتنوں سے آگاہ کرنا ، مغربی تہذیب کے اثرات ، دینی بیزارگی ، بے حیائی و بدکاری سے بچاکر ایک حقیقی مسلمان بناکر صالح معاشرہ کی تشکیل میں اہم حصہ اداکرنا ہے ۔ مقامی علمائے کرام میں مولانا حافظ قاری محمد اقبال احمد رضوی القادری ، مولانا مفتی محمد ذاکر حسین نوری فنا القادری ، مولانا محمد اخلاق شرفی ، مولانا نادر المسدوسی ، مولانا محمد عبدالنعیم قادری چشتی نظامی نائب صدر رحمت عالم کمیٹی کے خطابات ہوں گے ۔ کانفرنس کا آغاز حافظ قاری صلاح الدین جاوید کی قرات سے ہوگا ۔ حافظ و قاری ملک اسمعیل علی خاں ، محمد عمران رضا ، فرحت اللہ شریف ، خلیل رضا ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔ نظامت کے فرائض حافظ شیخ حسین قادری ملتانی انجام دیں گے ۔۔